حافظ آباد: شہریوں کو پولیس تک براہِ راست رسائی فراہم کرنے اور انصاف کی بروقت و میرٹ پر فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حافظ آباد عاطف نذیر کی زیر نگرانی تھانہ جلالپور بھٹیاں اور تھانہ کسیسے میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہریوں کے دوران ڈی پی او حافظ آباد نے شہریوں کی شکایات سنیں اور موقع پر ہی متعدد مسائل کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔ ڈی پی او حافظ آباد کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام اور پولیس کے درمیان براہِ راست رابطہ قائم کرنا، شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا، اور ان کے انفرادی و اجتماعی مسائل کا فوری و پائیدار حل ممکن بنانا ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ تمام شکایات کو قانونی تقاضوں کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے اور ہر درخواست پر مقررہ مدت میں عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ڈی پی او حافظ آباد نے مزید کہا کہ تمام شکایات کا باقاعدگی سے فالو اپ لیا جائے گا تاکہ ہر مسئلہ مکمل طور پر حل ہو اور عوام کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔

hellopoint.pk